یوٹیوب نے ایران کے العالم اور پریس ٹی وی چینل کے اکاؤنٹ بند کر دیے
سماجی رابطے کی ایک مشہور ویب سائٹ یو ٹیوب نے بدھ کے روز کسی بھی طرح کی پیشگی اطلاع یا وارننگ کے العالم ٹی وی چینل کا اکاؤنٹ بند کر دیا ہے۔
اس سے قبل اس ٹی وی چینل کو کسی بھی طرح کی خلاف ورزی پر یوٹیوب کی طرف سے وارننگ دی جاتی تھی جسے عام طور پر برطرف کر دیا جاتا تھا لیکن اس بار یوٹیوب نے کسی بھی طرح کی اطلاع دیے بغیر ہی العالم کے اکاؤنٹ کو بند کر دیا ہے۔ یوٹیوب نے اسی طرح بدھ کے روز ہی ایران کے انگریزی زبان کے ٹی وی چینل پریس ٹی وی کا اکاؤنٹ بھی بند کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب سوشل میڈیا پر ایران کے ٹی وی چینلوں کے اکاؤنٹ کو بند کیا گيا ہو۔ ایران کے ان ٹی وی چینلوں کا اکاؤنٹ بند کرنے کے لیے ان امریکی سوشل میڈیا کا بہانہ یہ ہوتا ہے کہ یہ چینل استقامت کے محاذ کا پروپیگنڈہ کرتے ہیں جبکہ ایران کے انگریزی اور عربی زبان کے ٹی وی چینل پریس ٹی وی اور العالم بھی دیگر ذرائع ابلاغ کی طرح خبر اور اطلاع رسانی کا ہی کام کرتے ہیں۔