بارہ فروردین تاریخ انسانیت کی آزادی و حریت پسندانہ مجاہدت کا دن
ایرانی کیلینڈر کی تاریخ بارہ فروردین ایران میں یوم اسلامی جمہوریہ ہے اور ایران کے مومن و انقلابی عوام نے بارہ فروردین 1358 ھجری شمسی یعنی 1979 عیسوی کو اپنے ملک کی عزت و وقار اور مستقبل کے تعین کے لئے تاریخ رقم کی۔
امام خمینی رح کی ولولہ انگیز قیادت میں، اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد یکم اپریل انیس سو اناسی کو ایران میں ریفرنڈم کرایا گیا تھا۔
ملک گیر ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق، اٹھانوے فی صدر رائے دہندگان نے، اسلامی جمہوری نظام حکومت کے قیام کے حق میں ووٹ دیئے تھے۔
اس اہم واقعے کی یاد میں ہر سال یکم اپریل کو ایران میں یوم اسلامی جمہوریہ منایا جاتا ہے۔
ایران کے عوام نے مقدس اسلامی نظام کی تاریخ کے پہلے عوامی انتخابات کے طور پر ریفرنڈم میں بھرپور اور تاریخی انداز میں حصہ لے کر دنیا کو بتا دیا تھا کہ اس قوم کے امور میں مداخلت اور اس پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کا دور گزر گیا ہے۔
اسلامی انقلاب اپنی شاندار آئیڈیالوجی کے ذریعے، عالمی سامراج اور سرمایہ دارانہ نظام کی چکی میں پسنے والی قوموں کے لیے آزادی کی امید اور دنیا بھر کے محروموں اور کمزوروں کی ڈھارس بن گیا۔
اس انقلاب نے دنیا بھر کے حریت پسندوں اور انصاف کے متوالوں کو سامراجی طاقتوں اور تسلط پسند قوتوں سے چھٹکارا حاصل کرنے اور آزادی و مساوات کے لیے آواز بلند کرنے کا حوصلہ عطا کیا اور باطل کے خلاف جدوجہد میں حق کی کامیابی کے الہی وعدہ کی تکمیل کا نمونہ پیش کیا۔
پورے ایران میں آج یوم اسلامی جمہوریہ منایا جارہا ہے، یہ دن ایران کے انقلابی عوام کے ذریعے ملک کے مستقبل کے تعین اور اسلام کی عزت و سربلندی کے لیے ایرانی قوم کے عزم ارادے کی تجلی کا دن ہے۔
یوم اسلامی جمہوریہ کے موقع پر ماہرین کی کونسل مجلس خبرگان رہبری ،اسلامی تبلیغات کی کونسل اور مسلح افواج سمیت مختلف اداروں نے بیان جاری کرکے، قوم کو اس دن کی مبارک باد پیش کی ہے اور اسلامی انقلاب کے اہداف کو یقینی بنانے کے لیے فعال مشارکت اور قومی یکجہتی کے تحفظ کو ضروری قرار دیا ہے۔
بیانات میں کہا گیا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں یکم اپریل یوم اسلامی جمہوریہ، ایرانی عوام کے لیے ایک تاریخ ساز اور انتہائی اہم دن شمار ہوتا ہے، جس دن اس قوم نے پہلی بار اپنی تقدیر کا فیصلہ اپنے ہاتھوں سے کیا اور مملکت کے امور میں بیرونی مداخلت کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند کردیا۔
بیانات میں آیا ہے کہ یوم اسلامی جمہوریہ، امام امت امام خمینی کی قیادت میں اسلامی انقلاب کی تکمیل، ایرانی عوام کی انقلابی تحریک کی کامیابی اور عصر حاضر میں، اسلامی جمہوری نظام کی تجلی کا دن ہے۔
ان بیانات میں مزید کہا گیا ہے یوم اسلامی جمہوریہ دنیا کو یہ بتانے کا دن ہے کہ خالص اسلام محمدی، عصر حاضر کے بھٹکے ہوئے انسانوں کی دنیوی اور اخروی سعادت کی ضمانت فراہم اور دنیا بھر کے محروموں اور مستضعفین کے دلوں میں امید کی کرن پیدا کرسکتا ہے۔