Apr ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  •  نطنز ایٹمی سائٹ میں تخریبی کارروائی ، ایران کی کامیابی سے دشمن کی بوکھلاہٹ کی علامت ... بدلے کا حق محفوظ ، وزیر خارجہ کا اعلان

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکام ، ظالمانہ پابندیوں کو ختم کرانے میں ایران کوملنے والی کامیابیوں کا انتقام لینے کی کوشش کر رہے ہیں مگر اسلامی جمہوریہ ایران ان کو ایسا ہرگز نہیں کرنے دے گا-

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے پیر کے روز مجلس شورائے اسلامی کے قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے اجلاس میں اتوار کو نطنز کی ایٹمی سائٹ میں رونما ہونے والے حادثے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ  ان حساس و نازک حالات میں ایران کی ایٹمی تنصیبات اور جوہری سائنسدانوں کی ہر طرح سے مکمل حفاظت ضروری ہے -

انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مقبوضہ فلسطین کے غاصب سیاسی و فوجی حکام نے اعلانیہ طور پر کہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کے عمل میں کوئی پیشرفت نہیں ہونے دیں گے اور اس وقت وہ یہی سمجھ رہے ہیں کہ ان کا مقصد پورا ہو گیا ہے، کہا کہ غاصب صیہونی حکام کو جوہری شعبے میں ایران کی مزید ترقی و پیشرفت کی صورت میں جواب ملے گا۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ نطنز کو جدید ترین مشینوں اور آلات کا استعمال کر کے ماضی سے بھی زیادہ قوی و مستحکم بنایا جائے گا اور اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ مذاکرات میں ہم کمزور ہوئے ہوں گے تو ایسا ہرگز نہیں ہے بلکہ یہ تخریبی اقدام مذاکرات میں ہمارے موقف کو اور زیادہ مضبوط کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے عمل میں شریک فریق ملکوں کو بھی اس بات کو جان لینا چاہئے کہ اگر اب تک وہ نطنز میں پہلی نسل کی سینٹری فیوج مشینوں کے ذریعے یورینیم کی افزودگی کا مشاہدہ کر رہے تھے تو اب وہ نطنز  کی سائٹ کو  ، یورینیم کی افزودگی کی کئی گنا توانائی کی حامل جدید ترین سینٹری فیوج مشینوں سے مالا مال دیکھیں گے.

دوسری جانب ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے نطنز کی ایٹمی سائٹ کے خلاف کئے جانے والے اقدام کو جوہری صنعت میں ایران کی قابل ذکر ترقی روکنے کے لئے مخالفین کی شکست و جھنجھلاہٹ کا مظہر قرار دیا۔

ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے نطنز  ایٹمی سائٹ میں بجلی کی سپلائی کے مرکز کے ایک حصے میں اتوار کے روز پیش آنے والے واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نطنز کی ایٹمی سائٹ میں پیش آنے والا واقعہ، ایک جانب جوہری صنعت میں ایران کی قابل ذکر ترقی و پیشرفت روکنے کے لئے مخالفین کی شکست اور دوسری جانب ظالمانہ پابندیاں منسوخ کرانے کی راہ میں ایران کو حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مخالفین کی بوکھلاہٹ و جھنجھلاہٹ کا آئینہ دار ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران میں جوہری ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر ایران کے نوجوان جوہری سائنسدانوں کی سعی و کوشش کے نتیجے میں جدید ترین جوہری مصنوعات کی رونمائی ہوئی اور اسی وقت ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے عمل پر چھائے کالے سیاہ بادل چھٹنا شروع ہوئے جس سے دشمنوں کے ایران مخالف عزائم خاک میں مل گئے۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نطنز کی ایٹمی سائٹ کے خلاف تخریبی اقدام کی شدید مذمت اور عالمی برادری نیز ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی جانب سے اس جوہری دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر تاکید کے ساتھ تخریبی اقدام عمل میں لانے والوں کے خلاف جوابی اقدام کے لئے  اپنا قانونی حق محفوظ سمجھتا ہے۔

خبروں  کے لئے ہمارا نیا فیس بک پیج جوائن کيجئے 

 ٹویٹر پر ہمیں فالو کریں 

یوٹیوب پر ڈراموں کے لئے سبسکرائب کریں 

 

ٹیگس