ویانا میں مشترکہ کمیشن کا اجلاس ؛ نئی مفاہمت کا راستہ صاف
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے مذاکرات ایسے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جس میں تمام فریق ایک مشترکہ متن پر کام شروع کر سکتے ہیں۔
سید عباس عراقچی نے ہفتے کے روز ویانا میں مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایک نئی مفاہمت کا ماحول سازگار ہو رہا ہے اور اس وقت حتمی نتیجے سے متعلق مشترکہ نظریات پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی وفد نے جوہری شعبے اور پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں اپنے نقطہ نظر سے متعلق متن تیار کرلیا ہے اور اسے تمام فریقوں کو پیش کر دیا ہے اور وہی متن مذاکرات اور کسی حتمی سمجھوتے پر پہنچنے کی بنیاد بن سکتا ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ اس متن کے دائرے میں ایٹمی معاہدے سے متعلق وعدوں پر عمل درآمد کے لئے ایران کے مطالبات اور مقابل فریق کی خواہشات پر مشتمل سمجھوتے پر پہنچنے کا راستہ پوری طرح سے صاف ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس ہفتے کو بھی ویانا میں منعقد ہوا جس میں اب تک کے مذاکرات کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں طے پایا کہ دو طرفہ اور کثیر جانبہ مذاکرات اور تکنیکی امور پر تبادلہ خیال، آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔