Apr ۲۱, ۲۰۲۱ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان تعلقات ؛ 6 مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام کے سمجھوتے پر دستخط

ایران اور پاکستان نے چھے مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کو تہران میں دفتر خارجہ میں منعقد ہوئی ۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت دونوں ممالک مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام   میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں  گے جس سے سرحدوں کے دونوں جانب آباد لوگوں کی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ہمارے نمائندہ کے مطابق  ایران اور پاکستان نے  پہلے مرحلے میں "کوہک-چدگی"، "ریمدان-گبد" اور "پیشین-مند" سرحد پر  تین منڈیوں کے  قیام پر اتفاق کیا ہے جبکہ  تین دیگر سرحدی منڈیوں کے قیام اور ان کے مقام کے بارے میں فیصلہ باہمی صلاح و مشورے  سے کیا جائے گا۔  

مشترکہ منڈیوں کا انتظام دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے طریقہ کار کے مطابق  چلایا جائے گا۔

واضح رہے کہ  ایران اور پاکستان کے درمیان  پیشن مند سرحد کا بھی بدھ کو  افتتاح کردیا گیا ہے۔ اس  طرح دونوں ملکوں کے درمیان  سرحدی گزرگاہوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

ٹیگس