روضہ رضوی کے متولی سے پاکستانی وزیر خارجہ کی ملاقات
روضہ رضوی کے متولی نے کہا ہے کہ سالانہ پانچ لاکھ پاکستانی زائرین امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بات چیت کرتے ہوئے روضہ رضوی کے متولی حجت الاسلام احمد مروی کا کہنا تھا کہ مشہد مقدس آنے والے زائرین کو خدمات کی فراہمی میں کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ روضہ رضوی میں اردو زبان بولنے والے زائرین کے لیے ایک حصہ مختص ہے جہاں انہیں ممکنہ خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
حجت الاسلام احمد مروی نے مزید کہا کہ آستانہ قدس رضوی نے پاکستانی زائرین کے لیے میرجاوہ سرحد پر بہترین زائر سرا قائم کیا ہے جہاں ان کے آرام و آسائش کی جملہ سہولتیں موجود ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی وزیر خارجہ کے دورہ ایران سے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رشتے اور سرکاری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
روضہ رضوی کے متولی نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی خودمختاری اور طاقت کو اپنی خودمختاری اور طاقت سمجھتے ہیں اور کشمیر کے بارے میں پاکستان کے جائز موقف کے شروع سے حامی رہے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر ، پاکستانی زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے روضہ رضوی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشہد مقدس اور روضہ رضوی اپنے پرسکون اور نورانی ماحول میں اس وقت پانچ لاکھ پاکستانی زائرین کی میزبانی کر رہا ہے اور ہمیں امید ہے کے مستقبل قریب میں، زائرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر بارگاہ رضوی میں حاضری دی اور فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ اسلام کے روضے کی زیارت کا شرف بھی حاصل کیا۔