صیہونیوں کے ہوش ٹھکانے لگادیں گے، جنرل باقری
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ حالیہ اقدامات صیہونی حکام کے ہوش ٹھکانے لگادیں گے۔
سپاہ قدس کےڈپٹی کمانڈر شہید جنرل محمد حجازی کی یاد میں منعقدہ مجلس ترحیم کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ استقامتی محاذ کا مستقبل پوری طرح روشن ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے مقبوضہ فلسطین میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی یہ سمجھ رہے تھے کہ وہ شام کی سرزمین پر جب اور جہاں چاہیں گے شرپسندی کریں گے اور انہیں کوئی جواب نہیں ملے گا۔
جنرل محمد باقری نے کہا کہ پچھلے چند روز کے اقدامات اور آئندہ کے اقدامات کے نتیجے میں جب وہ دیکھیں گے کہ ان کے مفادات خطرے میں پڑ گئے تو ان کی عقل ٹھکانے آجائے گی۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ ہم یہ تو نہیں کہ سکتے کہ حالیہ اقدامات کس نے انجام دیئے ہیں تاہم اتنا جانتے ہیں کہ استقامتی محاذ صیہونیوں کو منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے صیہونی حکومت کی شرپسندی کے خلاف ایران کے ممکنہ جواب کے بارے میں کہا کہ، معلوم نہیں کہ ایران کا جواب کیا ہوگا لیکن اسرائیل کو یقینا چین و سکون نصیب نہیں ہوگا۔