Apr ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۱:۲۴ Asia/Tehran
  •  ایران کے وزیر خارجہ کی عراق کے وزیر اعظم سے ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ نے پیر کی شام بغداد میں عراق کے وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں ملکوں کے درمیان روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی ک رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کی شام بغداد میں عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی سے ملاقات کی۔ ہونے والی ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات اور ایران سے متعلق علاقائی مسائل کا جائزہ لیا اور ایران اور چار جمع ایک گروپ کے مابین ہونے والے جوہری مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد جواد ظریف نے عراق کی جانب سے جوہری معاہدے، اور یکطرفہ اور ظالمانہ  پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے عراق کی حمایت پر بغداد کی  قدردانی کی ۔

اس ملاقات میں عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ ایران نہ فقط عراق کا ہمسایہ ملک ہے بلکہ عراق کا اسٹریٹیجک شریک بھی ہے۔ انہوں نے داعش کے خلاف جنگ میں ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسے ہرگز فراموش نہیں کرسکتے۔

محمد جواد ظریف نے اس سے قبل بغداد میں عراق کے صدر برہم صالح سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین سے بھی ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف پیر کے روز قطر کا دورہ مکمل کرکے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ عراق پہنچے ہیں ۔

قبل ازیں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے قطر میں اپنے قیام کے دوران قطر کے امیر اور وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقاتوں میں، باہمی تعلقات کے فروغ، علاقائی مسائل نیز ایران اور چار جمع ایک گروپ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔

ٹیگس