Apr ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۱:۰۷ Asia/Tehran
  • مذاکرات کو غیر ضروری طول دینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، عباس عراقچی

ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا ہے تہران، ایٹمی مذاکرات کو غیر ضروری طول دینے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

منگل کی شام  ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے  اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی  نے واضح الفاظ میں کہا کہ تہران نہ توجلد بازی چاہتا ہے اور نہ ہی مذاکرات کو غیر ضروری طول  دینے کی کوششوں کو برداشت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لیے جاری مذاکرات بڑے کٹھن اور دشوار مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں  تاہم  درست سمت میں گامزن ہیں۔

ایران کے سینیئرایٹمی مذاکرات کار نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے دو ورکنگ گروپ اب تمام امور کو ضبط تحریر میں لائیں گے جبکہ تیسرے ورکنگ گروپ کو ابھی پابندیوں کے خاتمے کی صداقت جاننے کے طریقہ کار کے بارے میں بات  چیت کرنا  ہے۔

 سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہم ایک ایسے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں جہاں بات چیت کچھ طول پکڑسکتی ہے تاہم امید ہے کہ مذاکرت کسی واضح مقام پر پہنچ جائیں گے جس کے بعد تمام وفود ضروری صلاح و مشورے  کے اپنے اپنے دارالحکومتوں کو واپس لوٹ جائیں گے۔

ٹیگس