Apr ۲۹, ۲۰۲۱ ۰۰:۴۵ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی عمان میں یمنی وفد کے سربراہ سے اہم ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ نے، جو ان دنوں عمان کے سرکاری دورے پر ہیں، مسقط میں یمن کی قومی حکومت کے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

 ہمارے نمائندے کے مطابق، وزیرخارجہ  محمد جواد ظریف نے یمنی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام کے ساتھ ملاقات میں، یمن کے خلاف جنگ اور محاصرے کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے یمن کے خلاف چھے سال سے جاری جنگ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے بحران کے پرامن اور سیاسی  حل کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تہران  یمن میں جنگ بندی اور بین الیمنی مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

یمن کی قومی حکومت کے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے  اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ کو اپنے ملک کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یمنی عوام کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے سیاسی اور اخلاقی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

 واضح رہے کہ ایران کے وزیرخارجہ علاقائی ملکوں کے دورے کے تیسرے مرحلے میں بدھ کی صبح عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے عمانی ہم منصب بدر بن حمود البوسعیدی کے علاوہ ، شاہ عمان کے معاون خصوصی  فہد بن محمود آل سعید سے بھی ملاقات اور اہم ترین علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔  

ٹیگس