Apr ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۱:۴۸ Asia/Tehran
  • غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کیلئے عالمی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے: ایران

ایران نے عالمی اتحاد و یکجہتی اور بین الاقوامی تعاون سے یکطرفہ جابرانہ اقدامات بشمول غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انفارمیشن کمیٹی کے تینتالیسویں آنلائن اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے بعض ممالک بالخصوص ترقی یافتہ  ممالک کی جانب سے واقعات اور حقائق کو مسخ کرنے اورانھیں توڑ مروڑ کر پیش کرنے کیلئے نئی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو سخت ہدف تنقید بناتے ہوئے شیدید افسوس کا اظہار کیا-

ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات سےاستفادے کے سلسلے میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ملکوں میں  پایا جانے والا فرق اس قدر گہرا ہوگیا ہے کہ اس کو ختم کرنا بے حد مشکل کام بن گیا ہے-

  ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی ایک بڑی آبادی اب تک انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبے میں آنے والے انقلاب اور ترقی سے پورا فائدہ نہیں اٹھا سکی ہے۔انھوں نے کہا کہ اس طرح کے نقصان دہ  اور نامناسب حالات  کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے اور اقوام متحدہ کو چاہئے کہ ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کے درمیان ڈیجیٹل پروسس میں پائے جانے والے فرق  کو کم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے اور ترقی پذیر دنیا کے خلاف عالمی میڈیا کے اس مضر عمل کا سلسلہ ختم کرنا چاہئے۔ 

انہوں نے کورونا کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی موجودہ ہنگامی صورتحال میں عالمی برادری کی طرف سے افراد کی جان بچانے اور ان کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے فوری اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

خطیب زادہ نے کہا کہ ایسے حالات میں یکطرفہ جبری اقدامات، خاص طور پر غیر قانونی پابندیاں متاثرہ ممالک کی معاشی صورتحال پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی اہم ذمہ داریوں پر بدستور زور دیتا ہے  اور فلسطینی عوام کے خلاف پابندیوں اور غاصبانہ قبضے کے منفی نتائج کے سلسلے میں عالمی رائےعامہ کو باخبر کرنے کی مہم کی پرزور حمایت کرتا ہے  انہوں نے کہا کہ تہران فلسطینی عوام اور ان کی امنگوں کی حمایت جاری رکھے گا درایں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران  کے وزیرخارجہ نے فرانس کے میزائلی تجربات اور پیرس سمیت بعض ممالک کی جانب سے ایران کے میزائلی پروگرام کو محدود کرنے کی کوششوں کی جانب اشارہ کیا اور طنز کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ بظاہر دہرا رویہ ممکن ہے۔

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کی شب اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے فرانس کی جانب سے ایم ففٹی ون اسٹریٹیجک میزائل کے تجربے کا ویڈیواپلوڈ کیا ۔فرانس کی فوج نے بدھ کی صبح بحراٹلانٹیک کے ساحلوں میں اپنی بیسکاروس سائٹ سے ایک اسٹریٹیجک بلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔


 

ٹیگس