ایران اور چار جمع ایک کے درمیان مذاکرات جاری
ایران اور چار جمع ایک گروپ کے درمیان ویانا میں گفتگو اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق جمعرات کو ایرانی وفد کے سربراہ سید عباس عراقچی اور تین یورپی ملکوں کے وفود کے سربراہوں کے درمیان چار فریقی ملاقات ہوئی جس میں تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ایران کے سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی اور یورپی یونین کے ڈپٹی سیکریٹری انریکے مورا نے بھی ایک دوسرے سے ملاقات کی ہے ۔
ایرانی وفد کے سربراہ نے آسٹریا کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
توقع ہے کہ جمعے کے روز ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لیے قائم کئے گئے مختلف ورکنگ گروپ اس حوالے سے تیار کیے جانے والے متون کا جائزہ لیں گے۔
ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کا تیسرا دور ، منگل سے ویانا میں شروع ہوا ہے ۔
اجلاس کے شرکا نے مذاکراتی عملی میں تیزی کی تصدیق کی ہے ،ایران کی وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق، امریکی وفد، ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں براہ راست یا بلواسطہ طور پر شریک نہیں اور یہ کہ امریکی وفد کے ساتھ مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔