May ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • خطے میں اسلامی استقامت پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور مضبوط

عالمی یوم القدس دنیا کے مسلمانوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا دن ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے بین الاقوامی امور کے مشیر امیر عبداللہیان نے یوم القدس کی آمد سے قبل تہران میں فلسطینی تنظیم حماس کے نمائندے خالد قدومی سے ملاقات میں کہا کہ فلسطینی مزاحمت سیاسی اور عسکری لحاظ سے خطے کے ایک اہم عنصر میں تبدیل ہوگئی ہے۔ امیرعبداللہیان نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا ہر قیمت پر جواب دیا جائےگا اور خطے میں اسلامی مزاحمت پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور مضبوط ہے۔

امیرعبداللہیان نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے پر متحدہ عرب امارات اور بحرین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امارات اور بحرین نے اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ خیانت اور غداری کی ہے اور فلسطینیوں کی پشت میں خنجر گھونپا ہے۔

اس ملاقات میں تہران میں حماس کے نمائندے خالد قدومی نے اسلامی جمہوریہ ایران، حضرت امام خمینی (رہ) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی طرف سے فلسطینی عوام اور بیت المقدس کی بھر پور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امارات اور بحرین کی خیانت دنیائے اسلام کے سامنے نمایاں ہوگئی ہے جبکہ ایران نے ہمیشہ فلسطینیوں کی صادقانہ مدد کی ہے۔

واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے 7 اگست 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اپنے ایک تاریخی بیان میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔

عالمی یوم القدس دنیا کے مسلمانوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا دن ہے، یہ وہ دن ہے جس میں مسلمان، ناجائز صیہونی ریاست کے انسانیت سوز جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔

ٹیگس