May ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۵:۳۰ Asia/Tehran
  • پابندیوں کے دوران بھی ایران نے غیر معمولی ترقی کی ، پابندیاں ناکام ، ویانا میں ایران کی بڑی کامیابی

صدر ایران حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کو ملکی ترقی و پیشرفت کے راستے میں حائل نہیں ہونے دیا ۔

پیداوار میں اضافے کی قومی مہم کے تحت ایک درجن سے زائد پٹیروکیمیکل منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایران حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام نے اپنی پائیداری کو ثابت کردیا ہے اور واضح ہوگیا ہے کہ اقتصادی پابندیاں اور دباؤ اس قوم کی ترقی و پیشرفت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

ایران کے صدر نے کہا کہ ایک سال کے عرصے میں سترہ عظیم پیٹروکیمیکل منصوبوں کا افتتاح بہت سے لوگوں کو انتہائی دشوار دکھائی دے رہا تھا لیکن آج یہ وعدہ پورا ہوگیا ہے۔

صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ یہ بات ہمارے لیے انتہائی قابل فخر ہے کہ ہماری حکومت نے ایک سال کے دوران، پیٹروکیمیل انڈسٹری کی پیداوار میں اضافے کا طلائی منصوبوں میں عملی جامہ پہنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اس شعبے میں ملک کی پیداوار میں چوالیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی پیداوار چھپن ملین ٹن سے بڑھ کر سوملین ٹن ہوگئی ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ پچھلے آٹھ برسوں کے دوران ملک کی غیر پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں ایک سو تیس ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس سے آٹھ سال پہلے کے مقابلے میں انسٹھ فی صد اضافے کی نشاندہی ہوتی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ پچھلے دو تین ماہ کے دوران حکومت کی بیشتر توجہ دو اہم مسائل  یعنی کورونا کے خلاف جنگ اور پابندیوں کے خاتمے پر مرکوز رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل وکرم سے ہم کورونا اور پابندیوں، دونوں کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

صدر کا کہنا تھا کہ ویانا میں جاری مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے اور مقابل فریقوں نے ایران کے تیل، پیٹروکیمیکل اور بیمہ سیکٹر سے لیکر، مرکزی بینک اور جہاز رانی تک، تمام شعبوں پر عائد اصل پابندیاں اٹھانے کی حامی بھر لی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نوروز کے موقع پر اپنے سالانہ خطاب میں نئے سال ہجری شمسی کو پیداوار میں اضافے، ملکی پیداوار کی حمایت اور پیداوار میں اضافے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا سال قرار دیا تھا اور حکومت کو اس سلسلے میں خصوصی منصوبہ بندی کی ہدایت کی تھی۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

 

 

 

ٹیگس