May ۲۸, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۴ Asia/Tehran
  • ایران نے آکسیجن بنانے والی تین سو مشینیں ہندوستان روانہ کیں

ایرانی عوام کی جانب سے ہندوستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے امدادی سامان کی ایک کھیپ دہلی روانہ کر دی گئی ہے۔

آکسیجن بنانے والی تین سو مشینوں پر مشتمل یہ امداد، آستان قدس رضوی، مستضعفین فاونڈیشن اور بعض مخیر حضرات کے تعاون سے آمادہ اور ارسال کی گئی ہے۔

قریب ڈیڑھ کروڑ روپئے مالیت کی یہ آکسیجن بنانے والی مشینیں نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے اور رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ مہدوی پور کے ذریعے مختلف ہندوستانی اسپتالوں اور طبی مراکز کو دی جائیں گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران اس سے پہلے بھی لازمی دوائیں اور میڈیکل آلات پر مشتمل امداد سرکاری سطح پر ہندوستان روانہ کرچکا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت ہندوستان میں کورونا متاثرین کی یومیہ تعداد بڑھ جانے کے سبب متعدد ریاستوں کے اسپتالوں کو طبی وسائل بالخصوص آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث عوام کو بڑے نازک اور ناگفتہ حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی کے پیش نظر کئی ممالک نے ہندوستان کو انسان دوستانہ امداد کی پیشکش کی ہے۔

ٹیگس