May ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • کورونا کے پھیلاو اور اموات میں کمی آئی ہے: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لئے انجام پانے والے اقدامات کے نتیجے میں اس کے پھیلاؤ اور اس سے ہونے والی اموات میں کمی آئی ہے۔

صدر حسن روحانی نے کورونا کی روک تھام کی قومی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سولہ مہینے سے جاری تمام کوششیں، عوام کو کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے لازمی وسائل فراہم کئے جانے اور ایس او پیز پر عمل کرائے جانے پر مرکوز تھیں تاکہ کورونا کی نئی لہر کو روکا جا سکے ۔

صدر حسن روحانی نے ملک میں کورونا ویکسینیشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک پچاس لاکھ ڈوز ویکسین میڈیکل یونیورسٹیوں کو فراہم کی جبکہ تقریبا تیس لاکھ ڈوز ویکسین لوگوں کو لگائی جا چکی ہے۔  

کورونا کی روک تھام کی قومی کمیٹی کے ترجمان نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کے اقدامات کامیاب رہے ہیں۔ کورونا کی روک تھام کی قومی کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کے قومی منصوبے کے تناظر میں اس وقت تک اڑتیس لاکھ پچاس ہزار ڈوز ویکسین لوگوں کو لگائی جا چکی ہے جبکہ روزانہ تین لاکھ ڈوز ویکسین فراہم کی جا سکتی ہے۔

ٹیگس