May ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • نیا فلسطین ابھر کر سامنے آ چکا ہے، عنقریب صیہونی حکومت کی بساط لپٹ جائے گی: ایرانی کمانڈروں کا بیان

ایران کے دو اعلی فوجی کمانڈروں نے طاقتور فلسطین کے قیام اور صیہونی حکومت کے عنقریب زوال کی پیشین گوئی کی ہے۔

روسی ٹیلی ویژن رشیا ٹوڈے کو انٹرویو دیتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ نیا فلسطین وجود میں آ چکا ہے اور صیہونی حکومت کو اب ایک طاقتور فلسطین کا سامنا ہے۔

جنرل حسین سلامی نے فلسطینیوں کی طاقت میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلوں کو جان لینا چاہیے کہ مار کر بھاگ جانے کا دور گزر گیا ہے، اب فلسطینی طاقتور ہو چکے ہیں۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ حالیہ جنگ نے صیہونیوں پر طاقتور فلسطین کو مسلط کر دیا ہے اور ان کے اندازوں اور تخمینوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا فلسطین روز بروز طاقتور ہوتا جائے گا اور صیہونی حکومت کو زوال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت پے در پے ناکامیوں کے بعد روبزوال ہے اوراس کا مکمل زوال زیادہ دور نہیں۔ یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کی مسلح افواج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت کے خفیہ ادارے کہتے ہیں کہ ایران اس کی ترجیجات میں سرفہرست ہے اور صیہونی حکومت ایران کو دھمکیاں بھی دے رہی ہے، کیونکہ اسے معلوم ہے کہ پے در پے ناکامیوں کے نتیجے میں اسرائیل کمزور ہو چکا ہے اور زوال کی جانب بڑھ رہا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان اور سینیئر کمانڈر نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایران کے دشمنوں اور خاص طور سے موساد کی دھمکیوں میں دم خم نہیں ہے کیونکہ یہ اندر کا درد ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ صیہونی حکومت اپنے زوال کو تسلیم کرلے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات جیسی خطے کی رجعت پسند حکومتیں، عوام کی منشا کے برخلاف، اپنی حکومت بچانے کے لیے اسرائیل کے ساتھ پینگیں بڑھا رہی ہیں لیکن آخرکار انہیں بھی زوال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جنرل شکارچی نے یہ انتباہ، صیہونی حکومت کے اعلی عہدیداروں، خاص طور سے موساد کے سرغنہ یوسی کوہن کے سعودی عرب کے ٹی وی چینل العربیہ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو کے جواب میں دیا ہے جس میں انہوں نے دعوی کیا تھا کہ اسرائیل ایران کو بقول ان کے ایٹمی ہتھیاروں تک رسائی کی اجازت نہیں دے گا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس فروری میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صیہونیوں کے اس قسم کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ "عالمی صیہونیزم کا مسخرہ" مسلسل یہ کہہ رہا ہے کہ ہم ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے نہیں دیں گے، جب کہ اگر ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کا فیصلہ کرلے تو اس کے بڑے بھی ہمیں ایسا کرنے سے نہیں روک سکتے۔

ایران بارہا اعلان کرچکا ہے کہ جو بات اسے ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکے ہوئے ہے وہ اسلامی تعلیمات اور اس کی اساس ہے جس میں عام لوگوں کے قتل عام کا سبب بننے اور عام تباہی پیلانے والے ہتھیاروں، چاہے کیمیائی ہوں یا ایٹمی، ان کی تیاری کو ممنوع اور حرام قرار دیا گیا ہے۔

ٹیگس