خمینی بت شکن کی برسی دنیا بھر میں منائی گئی
اسلامی جمہوریہ ایران، ہندوستان، پاکستان اور ان ممالک کے زیر انتظام کشمیر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کی 32 ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
پاکستان کے مختلف شہروں من جملہ راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں پاکستانی عوام نے مسلمانوں کو بیدار کرنے والی عظیم شخصیت حضرت امام خمینی (رہ) کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بانی انقلاب اسلامی سید روح اللہ موسوی الخمینی کی برسی کے موقع پر کوئٹہ میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری اور ڈاکٹر محمد حسین الحسینی سمیت دیگر مفکرین نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
امام جمعہ کوئٹہ نے حضرت امام خمینی (رہ) کے دور کی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ایران کے ظالم و جابر بادشاہ نے اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی تو اس وقت حضرت امام خمینی (رہ) نے اس کا سامنا کیا اور اللہ کی راہ میں ہر مصیبت کی گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا یہی وجہ تھی کہ ایران کا بادشاہ شدید طاقتور ہونے کے باوجود فرار کر گیا۔ انہوں نے اسلامی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ظالم کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، بانی انقلاب اسلامی نے دین کو ایک بار پھر حیات بخش دی۔
ادھر ہندوستان کے شہر لکھنؤ اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر سمیت کئی شہروں میں آن لائن پروگرام منعقد کئے گئے جن میں مختلف دانشوروں نے سامراجی طاقتوں کے خلاف حضرت امام خمینی (رہ) کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے دنیا کو اسلامیت اور جمہوریت کی ایک نئی فکر اور نیا نظریہ عطا کیا اور انھوں نے ثابت کردیا کہ عالمی مشکلات کا اصلی حل اسلام اور عوام کے ہاتھ میں ہے۔
حضرت امام خمینی کی 32 ویں برسی کے موقع پر عراق، شام ، لبنان ، فلسطین ، ترکی اور یورپی ممالک میں بھی اجتماعات اور سمینار منعقد ہوئے اور حاضرین نے حضرت امام خمینی (رہ) کی خدمات پر انھیں خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رہ) حضرت فاطمہ زہرا (س) کے یوم ولادت یعنی 20 جمادی الثانی 1320 ھجری (1902ء) کو وسطی ایران کے شہر خمین میں پیدا ہوئے اور 4 جون 1989ء کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہیں تہران کے قبرستان بہشت زہراء (س) میں شہدائے انقلاب کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔ آپکا مزار مرجع خلائق ہے اور تہران قم موٹر وے پر ٹول ٹیکس کے نزدیک واقع ہے۔
گینیز بک کے مطابق امام خمینی (رہ) کا جنازہ دنیا کا سب سے بڑا جلوس جنازہ تھا اور ایک کروڑ 2 لاکھ سوگواروں نے جنازے میں شرکت کی تھی۔ آخری رسومات میں شرکت کیلئے دنیا کے سربراہان حکومت، اعلیٰ سرکاری عہدیدار اور مندوبین کے علاوہ ہزاروں عقیدتمند ایران آئے تھے۔