ملت فلسطین کی کامیابی سے صیہونی حکومت کا حقیقی چہرہ سامنے آگیا: الہیان
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن نیز انسانی حقوق کمیٹی کی سربراہ زہرا الہیان نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی کامیابی نے جرائم پیشہ صیہونی حکومت کا حقیقی چہرہ آشکارکردیا ہے۔
زہرا الہیان نے تہران میں تحریک حماس کے نمائندے خالد قدومی اور جہاد اسلامی کے نمائندے ناصر ابوشریف سے ملاقات میں کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کو فعال کرنا چاہئے تاکہ عالمی حلقوں میں ملت فلسطین کے حقوق کے حصول کے لئے کام کیا جا سکے۔
اس ملاقات میں ناصر ابوشریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران واحد ملک ہے جس نے ہمیشہ عملی طور پر فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کی ہے۔ ناصر ابوشریف نے کہا کہ بہت سے ممالک بظاہر فلسطینی عوام کی حمایت کرتے ہیں لیکن عمل میں اسرائیل کے ساتھ اربوں ڈالر کے تجارتی معاہدے کرتے ہیں اور اس ظالم و مجرم حکومت کے ساتھ معمول کے تعلقات رکھتے ہیں۔ جہاد اسلامی فلسطین کے نمائندے نے زور دے کر کہا کہ دنیا پر ثابت ہونا چاہئے کہ صیہونی حکومت ایک مجرم اور ناجائز حکومت ہے۔
اس ملاقات میں حماس کے نمائندے نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور میں بھی جارح اور غاصب کے مقابلے میں ممکن طریقے سے دفاع کا حق دیا گیا ہے ۔