Jun ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے تعلقات بہت ہی خوشگوار ہیں، صدر روحانی

صدر ایران حسن روحانی نے مختلف شعبوں میں تہران ماسکو تعلقات کے فروغ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، روسی حکومت اور صدر ولادیمیر پوتن کے تعاون کو سراہا ہے۔ انہوں نے یہ بات مختلف قومی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی جن میں بعض، روس کے تعاون سے مکمل ہوئے ہیں۔

جمعرات کو قومی منصوبوں کی اکہترویں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ، ایران اور روس کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تہران کے ساتھ ہمہ گیر تعاون کے بابت روس کی حکومت اور صدر روس ولادیمیر پوتن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

صدر ایران نے کہا کہ شام کے سلسلے میں روس کے ساتھ انتہائی اہم تعاون کر رہے ہیں، جمہوریہ آذربائیجان اور قفقاز کے علاقے کے بارے میں بھی ایران اور روس سہ فریقی تعاون میں شامل ہیں جبکہ یوریشیا کے حوالے سے بھی ایران، روس اور اس خطے کے دیگر ملکوں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ کیسپین سی اور اس بحری علاقے پر حق ملکیت کے حوالے سے روس سمیت دوست ملکوں کے ساتھ مل کر انتہائی اہم اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔

صدر نے کہا کہ روس کے تعاون سے دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور ان پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکری شعبے اور خاص طور سے دفاعی میدان میں بھی روس کے ساتھ اچھا تعاون جاری ہے اور ایس تھری ہنڈریڈ سسٹم کی فراہمی کے بعد تہران اور ماسکو کے درمیان دفاعی تعلقات اور بھی وسیع ہوگئے ہیں۔

صدر ایران کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لیے ویانا میں جاری مذاکرات میں بھی ایران اور روس ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس ہمارا انتہائی اہم پڑوسی ملک ہے اور تہران ماسکو تعلقات کا فروغ نہ صرف دونوں ملکوں کےعوام بلکہ پورے خطے اور دنیا کے لیے سود مند ہے۔

صدر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ چودہ سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے بڑے بجلی گھر کا افتتاح ملک کے پورے جنوبی علاقے اور سواحل مکران کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

واضح رہے کہ ایران روس مشترکہ تعاون سے تیار ہونے والے چودہ سو میگاواٹ کے بجلی گھر کا صدر ایران نے افتتاح کردیا ہے۔ یہ بجلی گھر ایران کے صوبے ہرمزگان کے شہر سیرک میں واقع ہے۔

ٹیگس