Jun ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • امیدواروں کے تیسرے مباحثے کے موضوع کا اعلان

اسلامی جمہوریہ ایران کے تیرہویں صدارتی الیکشن کے لئے پورے ملک میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اور امیدواروں کی انتخابی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

اس درمیان ایران کے قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے شعبہ تعلقات عامہ نے نامزد صدارتی امیدواروں کے درمیان تیسرے مباحثے کے موضوع کا اعلان کردیا ہے۔ آئی آر آئی بی کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عوام کے مطالبات اور مسائل  ، نامزد صدارتی امیدواروں کے درمیان تیسرے مباحثے کا موضوع ہوگا۔

ایران کے صدارتی انتخابات دوہزار اکیس کے لیے نامزد امیدواروں کے درمیان تیسرا مباحثہ آئندہ سنیچرکو ہوگا۔ صدارتی امیدواروں کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ پانچ جون کو اور دوسرا مباحثہ آٹھ جون کو ہوا تھا جن میں اقتصادی، ثقافتی ، سماجی اور سیاسی معاملات کے بارے میں بحث کی گئی۔

دونوں مباحثے تین گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہے اور صدارتی امیدواروں نے مذکورہ موضوعات کے بارے میں اپنے اپنے پروگراموں پر ورشنی ڈالی۔امیدواروں کے مباحثوں کو عوام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوگئی ہے اور لوگ بہت ہی دلچسپی سے ان مباحثوں کو دیکھتے ہیں۔

ایران کے صدارتی انتخابات اٹھارہ جون کو کرائے جائیں گے جس کے لیے سات امیدوار میدان میں ہیں۔علی رضا زاکانی، محسن رضائی، محسن مہر علی زادے، سید ابراہیم رئیسی، عبدالناصر ہمتی، سید امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی اور سعید جلیلی  نامزد صدارتی امیدوار ہیں۔

ٹیگس