Jun ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • پر سکون صدارتی اتنخابات کے لئے ماحول فراہم ہے: چیف الیکشن کمشنر

اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ جمعہ اٹھارہ جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات پوری سلامتی کے ساتھ اور پرسکون ماحول میں ہوں گے اور اس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے سربراہ  جمال عرف نے  پیر کے روز تہران میں صدارتی اور بلدیاتی  انتخابات کے بارے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، انتخابات کی سلامتی کے بارے میں کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ اب تک انتخابات کی سلامتی اور سیکورٹی کے منافی کوئی بھی قدم سامنے نہیں آیا ہے.

صدارتی انتخابات کے بیرون ملک انعقاد کے بارے میں الیکشن کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں چار سو پچاس پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں اور سوائے کینیڈا کے دنیا کے ایک سو ایک ممالک میں مقیم ایرانی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے اپنے یہاں مقیم ایرانی شہریوں کو حق رائے دہی کے استعمال سے محروم کر دیا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔

 چیف الیکشن کمشنر جمال عرف نے بتایا کہ صدارتی انتخابات دو ہزار اکیس میں، پانچ کروڑ ترانوے لاکھ دس ہزار تین سو دس افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جن  کے لیے ملک بھر میں سڑسٹھ ہزار پولنگ‏ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب تیرہوں صدارتی انتخابات کے نامزد امیدوار نے کہا ہے کہ اگر ملک کے تمام شعبوں میں انصاف کی حمکرانی قائم ہو تو بدعنوانیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

صدارتی امیدوار سید ابراہیم رئیسی نے قومی ٹی وی چینل دو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  جہاں بھی انصاف ختم ہوجائے وہاں بدعنوانی جنم لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بدعنوانیوں کے خلاف جنگ اور انصاف کا قیام ان کی حکومت اولین ترجیح ہوگی۔

ایک اور صدارتی امیدوار عبد الناصر ہمتی نے بھی قومی ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے انتخابی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے اقتصادی ڈھانچے کو افراط زر کا باعث قرار دیا اور اس میں اصلاح کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کے ایک سو انتالیس ممالک میں افراط زر کی شرح سنگل ڈیجٹ ہے اور ایران کو اس مقام پر لانے کے لیے، ہمیں سب سے پہلے ملک کے مالیاتی نظام اور کرنسی پالیسی کی اصلاح کرنا ہوگی  اور مرکزی  یا اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنانا ہوگا۔

 قابل ذکر ہے کہ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات اٹھار ہ جون کو کرائے جائیں گے جس کے لیے سات امیدوار میدان میں جن میں، سید ابراہیم رئیسی ، عبدالناصر ہمتی، محسن رضائی، محسن مہر علی زادہ، سعید جلیلی، علی رضازاکانی اور قاضی زادہ ہاشمی شامل ہیں۔

 

ٹیگس