مسلح افواج کے سربراہ اور اعلی فوجی افسران کی منتخب صدر سے ملاقات
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ اور دوسرے اعلی فوجی کمانڈروں نے نومنتخب صدر سے ملاقات اور الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور وزیر دفاع کے ہمراہ نو منتخب صدر سے ملاقات کرنے والوں میں، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج اور پولیس کے اعلی کمانڈر شامل تھے۔اعلی فوجی کمانڈرون نے اس ملاقات میں نومنتخب صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو مبارک باد پیش کی اور نئی حکومت کی مدد کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔
اعلی فوجی کمانڈروں کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج نئی حکومت کی مدد نیز ملک کی توانائیوں میں اضافے اور طاقتور ایران کے قیام کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کے چیف آف اسٹاف حجت الاسلام محمدی گلپائگانی نے بھی منگل کو نومنتخب صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔ انھوں نے اس ملاقات میں سید ابراہیم رئیسی کو ملک کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئی حکومت کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔
سید ابراہیم رئیسی ، اٹھارہ جون کو ہونے والے تیرہویں صدارتی انتخابات میں ایک کروڑ نواسی لاکھ چھبیس ہزار تین سو پینتالیس ووٹ حاصل کرکے ملک کے صدر منتخب ہوگئے ۔