ماسکو سیکورٹی کانفرنس میں جنرل سلیمانی کا چرچہ، ایرانی کمانڈر کا بیان، غیر ملکیوں کو علاقے سے نکل جانا چاہئے
ایران کی مسلح افواج کے سینئر کمانڈر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فوجیوں کو مغربی ایشیا سے نکل جانا چاہئے تاکہ علاقائی ممالک، اپنے ہاتھوں سے پائدار امن و استحکام قائم کر سکیں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے سینئر کمانڈر جنرل مہدی ربانی نے بدھ کے روز نویں سالانہ ماسکو سیکورٹی کانفرنس میں عالمی اور علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش، عالمی تسلط پسند طاقتوں کی جانب سے حالیہ برسوں میں ایک فائدے مند اور قابل تجارت چیز رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے عناصر جنہوں نے حالیہ برسوں کے دوران بد امنی اور انتہا پسند نظریات پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا، اب وہ بحران زدہ ممالک میں تعمیر نو اور سیکورٹی کے قیام میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہيں۔
جنرل مہدی ربانی کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا سمیت غیر ملکی فوجیوں کو جن کے ہاتھ دہشت گردی سے جنگ کے شجاع کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی سمیت ہزاروں بے گناہوں کے خون سے آلودہ ہیں، مغربی ایشیا سے نکل جانا چاہئے تاکہ علاقائی ممالک، اپنے ہاتھوں سے پائدار امن و استحکام قائم کر سکیں۔
ایران کی مسلح افواج کے اس سینئر کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایران دنیا کے ممالک کے ساتھ اچھے اور بہترین تعلقات کا خواہاں ہے اور اس نے پڑوسیوں کو اپنی خارجہ پالیسی میں ترجیح قرار دیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ دوسرے ممالک کے بھی بہت سے مقررین اور حکام نے دہشت گردی سے مقابلے کے اہم کمانڈر کے طور پر جنرل قاسم سلیمانی کو یاد کیا اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔