ایران کا پہلا روبوٹ سرجن۔ تصاویر
ایرانی ماہرین نے ملک کے پہلے ریموٹ کنٹرول روبوٹ سرجن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پہلے ریموٹ کنٹرول روبوٹ سرجن کا یہ تجربہ، تہران کے امام خمینی اور ابن سینا اسپتالوں کے درمیان فائیو جی ٹیکنالوجی کی مدد سے آن لائن رابطے کے ذریعے انجام پایا۔
اس تجربے کے تحت امام خمینی اسپتال میں تعینات ایک سرجن نے، کئی میل دور واقع ابن سینا اسپتال کے آپریشن تھیئیٹر میں تعینات روبوٹ سرجن کی مدد سے ایک کتے کا آپریشن کیا۔ اس تجربے کے موقع پر صدر ایران کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر سورنا ستاری اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
ایرانی ماہرین کے تیار کردہ سرجن روبوٹ کا نام، عالم اسلام کے مشہور طبیب بو علی سینا کے نام پر، سینا سرجن روبوٹ رکھا گیا ہے۔ یہ روبوٹ ایک انتہائی ترقی یافتہ ریموٹ کنٹرول سرجن سسٹم ہے جسے امریکہ میں تیار کیے جانے والے ڈونچی روبوٹ کی طرز پر بنایا گیا ہے۔