ایران منشیات کی اسمگلنگ سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا: سربراہ ادارۂ انسداد منشیات
ایران کے انسداد منشیات کے ادارے کے سربراہ اسکندر مومنی کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ہر طرح کے منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں سخت موقف اور اصولی پالیسی کا حامل ہے۔
ایران کے ادارہ انسداد منشیات کے سربراہ نے ہفتہ انسداد منشیات کی مناسبت سے تہران میں منعقدہ اجلاس میں شریک نمائندوں، سفارتکاروں اور اقوام متحدہ کے دفاتر کے خصوصی مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا پتہ لگا کر اسے ضبط کرنے کے سلسلے میں ہم نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
اسکندر مومنی نے کہا کہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والے خاص حالات اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دباؤ بالخصوص ظالمانہ پابندیوں کے باوجود منشیات کے خلاف ہماری جدوجہد میں ذرہ برابر وقفہ پیدا نہیں ہوا ہے۔
ایران کے ادارہ انسداد منشیات کے سربراہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹوں کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے اکیلے ہی ، دنیا بھر میں اسمگل ہونے والے افیون کا نوے فیصد، مورفین کا ستر فیصد اور ہیروئن کے بیس فیصد کا پتہ لگا کر اسے ضبط کیا ہے۔
ادارہ انسداد منشیات کے سربراہ نے کہا کہ اس کامیابی کی وجہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں سخت موقف اور اصولی پالیسی رکھتا ہے۔