Jun ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اقتصادی دہشت گردی ہیں: صدر روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی غیر قانونی علیحدگی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیا ہے۔

صدر مملکت نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران ایرانی عوام کو امریکہ کی اقتصادی دہشت گردی کا سامنا رہا ہے اور امریکہ کے سابق صدر نے ایران کے خلاف جو کچھ کیا وہ بیماروں اور سن رسیدہ افراد کے خلاف جنگ سے بھی بڑھ کر اقتصادی دہشت گردی تھی۔

انہوں نے ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واپسی کے بارے میں امریکی حکام کے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام امید کرتے ہیں کہ امریکہ جلد سے جلد ایٹمی معاہدے میں واپس آئے گا- صدر روحانی نے کہا کہ پوری دنیا پر یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ایران کبھی مہلک ہتھیاروں کے درپے نہیں رہا ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت و دستاویز خود ایٹمی معاہدہ ہے اور یہ کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے۔

صدر مملکت نے جون انیس سو ستاسی میں عراق کی صدام حکومت کی جانب سے ایران کے مغربی علاقوں پر کی جانے والی کیمیائی بمباری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدام حکومت نے ایرانی عوام کے خلاف عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا استعمال کیا اور آج بھی  نو ہزار ایرانی ان کیمیائی ہتھیاروں کا نشانہ بننے کی وجہ سے سختیاں تحمل کر رہے ہیں۔

ٹیگس