Jul ۰۳, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران کے نو منتخب صدر کو سوئٹزرلینڈ اور اردن کی مبارکباد

انتخابات میں شاندار کامیابی پر سوئٹزرلینڈ کے صدر اور اردن کے بادشاہ نے آیت اللہ رئیسی کو مبارکباد دی ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے صدر گای پارملین نے آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا ۔

انہوں نے ایران کے نومنتخب صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اسلامی جمہوریہ ایران کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے لئے ایرانی عوام کا اعتماد حاصل کیا اور آپ کی صدارت کے دور میں ایران اور سوئٹزرلینڈ کے مابین اچھے اور دوطرفہ تعلقات پہلےسے کہیں زیادہ مستحکم ہوں گے۔

سوئس صدر نے  کہا کہ ان کا ملک خطے میں استحکام اور خوشحالی کے لئے سب کے مفاد میں ایران کےساتھ بات چیت اور تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

دوسری جانب اردن کے بادشاہ نے بھی اپنے ایک پیغام میں نو منتخب ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

ملک عبداللہِ ثانی نے جمعہ کے روز اپنے پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران اور اردن کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہوئے اللہ تعالی سے ایرانی عوام کی کامیابی اور خوشحالی کے لئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ آیت اللہ رئیسی نے 18 جون کو ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں 18 ملین (باسٹھ فیصد) سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ اب تک روس، چین، پاکستان، ہندوستان، افغانستان، تھائیلیند، جاپان، سری لنکا، ویتنام، ترکی، عمان، شام، امارات، عراق، لبنان، یمن، فلسطین، کویت، قطر، آرمینیا، ازبکستان، قزاقستان، قرقیزستان، ترکمنستان، آذربائیجان، سربیا، الجزایر، کیوبا، وینزویلا، نیکاراگوئہ، بلاروس،  نائجیریا،  غانا، ایتھوپیا، برازیل، جنوی کوریا، اور شمالی کوریا سمیت دسیوں ممالک کے رہنما اور اعلیٰ حکام صدارتی انتخابات میں آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کر چکے ہیں۔

ٹیگس