ہندوستانی وزیر خارجہ کی منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے تہران میں نومنتخب صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات اور وزیر اعظم نریندر مودی کا تحریری پیغام بھی انہیں پیش کیا۔
ہمارے نمائندہ سفارتی امور کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ نے ایران کے منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور انہیں ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کا تحریری پیغام پیش کیا۔
اس سے پہلے ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں امید ظاہر کی تھی کہ نئی دہلی اور تہران کے درمیان تعلقات کے فروغ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے تہران پہنچنے کے فورا بعد ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف سے ملاقات کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ نے ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں، تہران دہلی تعلقات کے علاوہ افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ تہران میں مختصر قیام کے بعد، روس کے دارالحکومت ماسکو کے لیے روانہ ہوں گے۔