دوسروں پر الزامات دھرنے سے پہلے امریکہ اپنے معاملات درست کرے: ایران
امریکہ دوسروں کے سر الزام ڈال کر اپنے مجرمانہ تعلقات کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ بات ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ماحول سازی میں مصروف امریکہ کو انتباہ دیا ہے کہ وہ دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے معاملات کو ٹھیک کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیٹی کے صدر کے قتل میں امریکی ہاتھ بالکل نمایاں ہے اور اسی طرح کی کوشش وینزویلا کے صدر کے خلاف بھی کی جا رہی ہے۔
محمد جواد ظریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کی تازہ ترین الزام تراشیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ سے وابستہ مسلح عناصر امریکی سرزمین پر بیٹھ کر ونيزویلا اور ہیٹی کے رہمناؤں کے قتل کا منصوبہ تیار کرتے ہیں جبکہ امریکہ دوسروں پر اغوا کی کاروائيوں کا الزام لگا کر اپنے ان مجرمانہ تعلقات کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ کے یہ اقدامات بالکل بچگانہ اور مضحکہ خيز ہيں۔
محمد جواد ظریف نے امریکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ الزام تراشیوں کے بجائے اپنے معاملات درست کریں۔