Jul ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۴ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف عراق کی مدد کے لیے تیار ہیں، ایران کا اعلان

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران دہشت گردی کی بیخ کنی اور مقابلے کے لیے اپنے برادر اور ہمسایہ ملک عراق کی مدد کے لیے تیار ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے عراق کے الصدر سٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تہران دہشت گردی کے بیخ کنی میں بغداد کی مدد کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الصدر سٹی کے وحشیانہ حملے کو عراق میں دہشت گردی پھیلانے کی گھناونی سازش قرار دیا ، جس نے عیدالاضحی سے پہلے عراق کے مظلوم عوام کی خوشیوں کو عزاداری میں تبدیل کردیا ہے۔

سعید خطیب زادے نے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے عراق کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم خداوند تعالی کی بارگاہ میں، صدر سٹی کے واقعے میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کے لیے شفایابی کے لیے دست بدعا ہیں۔

پیر کی شب عراقی دارالحکومت بغداد کے صدر سٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں کم سے کم تیس افراد شہید اور ساٹھ دیگر زخمی ہوگئے تھے۔یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے پیغام میں خبردار کیا گیا تھا کہ دہشت گرد گروہ داعش عیدالاضحی سے قبل عراق کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کرسکتا ہے۔اس پیغام کے مطابق الصدر سٹی، کاظمیہ اور الشعب کے علاقے دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ میں شامل ہیں۔ اس صورتحال میں عراق کے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حفاظتی انتظامات میں تاخیر کے حوالے سے کڑی نکتہ چینی کی جارہی ہے۔عراق کا الصدر سٹی اور خاص طور سے اس کا مصروف ترین بازار پچھلے چند ماہ کے دوران متعدد بار دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنا ہے۔

درایں اثنا عراق کے سیکورٹی اداروں نے والی بغداد کے نام سے مشہور داعش کے ایک اہم سرغنہ کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔سیکورٹی اداروں نے بتایا ہے کہ داعش کا یہ سرغنہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بغداد میں دہشت گردانہ حملے کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

ایک اور اطلاع کے مطابق، عراق کے سیکورٹی اداروں نے ملک کے شمالی صوبے کرکوک میں سرچ آپریشن کے دوران داعش کے چار خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگانے کے بعد انہیں تباہ کردیا ہے۔عراق کے سیکورٹی اداروں نے چند روز قبل کرکوک سے داعش کے اہم سرغنہ ابوقیصر کو اور صوبہ الانبار سے اس گروہ کے ایک خطرناک دہشت گرد کو بھی گرفتار کیا تھا۔

امریکہ اور اس کے مغربی و عرب اتحادیوں کے پیدا کردہ دہشت گرد گروہ داعش کی نام نہاد خلافت کے خاتمے کے باوجود اس گروہ کی باقیات عراق کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور گاہے بگاہے عراقی عوام اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کرتی رہتی ہیں۔عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اور دیگر سیکورٹی ادارے ملک کے مختلف علاقوں میں روپوش داعشی دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

ٹیگس