ایران ایک بڑی طاقت بن چکا ہے: ایرانی کمانڈر
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک سینئر کمانڈر کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے متعدد علاقوں میں اچھی پیشرفت کی ہے جس کی وجہ سے موجودہ وقت میں ایران ایک بڑی طاقت بن کر سامنے آیا ہے۔
ایرانی بحریہ کے سینئر کمانڈر ریئر ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے اتوار کو ایران کے دار الحکومت تہران میں ایک فوجی پروگرام سے خطاب میں کہا کہ فوج کبھی بھی کسی کو بھی ملک کے اقتدار اعلی اور قومی مفاد کے خلاف قدم اٹھانے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا ایک ہی مشن ہے اور وہ ہے اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کی حفاظت کرنا۔
ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج کو مستقبل میں کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کے لئے اپنی جنگی توانائیوں کو اس طرح سے مضبوط کرنا چاہئے کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ اعلان کر سکیں کہ کسی بھی دشمن کو ملک کے مفاد اور علاقائی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔