ترجمان وزارت خارجہ کی پریس کانفرنس
ناجائز صییہونی حکومت ایران پر الزام تراشی سے باز آجائے/ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے/ نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں مختلف ممالک کے وفود کی شرکت
ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ناجائز صیہونی حکومت ایران کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کا سلسلہ ترک کر دے۔
اسرائیلی تیل بردار بحری جہاز پر حملے سے متعلق صیہونی حکومت اور امریکہ کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادے نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب صیہونی حکومت نے ایسے بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے جہاں بھی اپنے منحوس قدم رکھے وہاں بدامنی، تشدد، جنگ اور دہشت گردی کا بازار گرم کیا ہے لہذا اسرائیل کے جرائم کی تمام تر ذمہ داری ان ملکوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے خطے میں اس کے قدم جمانے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ امریکہ پر اقوام متحدہ کے حوالے سے بعض ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور اسے دیگر ملکوں کے ساتھ سیاسی اختلافات سے لا تعلق ہوکے، اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہیے۔
خطیب زادے نے عراق کے صدر برھم صالح کے مجوزہ دورہ ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراقی صدر پروگرام کے مطابق ایران آ رہے ہیں اور نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں ان کی شرکت کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صدر کی تقریب حلف برداری میں دنیا کے مختلف ملکوں کے درجنوں سیاسی وفود شرکت کریں گے۔
افغانستان میں قیام امن کے بارے میں ایران کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی سلامتی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تہران سے جو کچھ بن پڑا انجام دے گا۔