Aug ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • تہران دہلی تعلقات میں توسیع  پر صدر ایران کی تاکید

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی توسیع کو خاص اہمیت دیتا ہے -

صدر مملکت نے جمعے کے روز ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران، پڑوسی اور علاقے کے ملکوں خاص طور سے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی توسیع کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں منجملہ اقتصادی، تجارتی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دیئے جانے کی کافی گنجائش پائی جاتی ہے اور اس گنجائش سے بھرپور استفادہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔

صدرسید ابراہیم رئیسی نے علاقائی امن و استحکام میں ایران اور ہندوستان کے درمیان قریبی تعاون پر بھی زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک، علاقائی امن خاص طور سے افغانستان میں امن کے قیام میں مفید و تعمیری تعاون کر سکتے ہیں اور تہران افغانستان میں قیام امن سے متعلق نئی دہلی کے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔

اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی صدر ایران کی حلف برداری کی تقریب میں پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے سید ابراہیم رئیسی کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے صدر کے اس نقطہ نظر سے اپنے ملک کے صدر اور وزیراعظم کو باخبر کریں گے اور یہ کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

ٹیگس