Aug ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  • ویکسین کی فراہمی کو یقینی اور کورونا ٹیسٹ سہولت عام کی جائے، رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایت

رہبر انقلاب اسلامی نے کورونا کے خلاف جنگ کو ملک کی فوری اور اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے بارے میں ٹیلی ویژن سے اپنے نشری خطاب میں، کورونا کی بدلتی شکلوں کے مقابلے میں نئے اور مضبوط دفاعی طریقہ کار اپنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آپ نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے تجاویز پر غور اور فیصلہ سازی کے لیے صدر ایران کی جانب سے متعلقہ حکام کو دینے والی ایک ہفتے کی مہلت کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ طے شدہ وقت میں معاملے کا پوری گہرائی کے ساتھ جائزہ لیا جائے اور کورونا کے تدارک کے تمام تر لازمی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے حکومت اور بیمہ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے مریضوں کا پتہ لگانے اور ٹیسٹ کی سہولتیں عام اور مفت فراہم کرنے میں مدد کریں۔آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے اعلی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملکی اور غیر ملکی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ایک ایک فرد تک پہنچانے کے لیے دوگنا کوشش انجام دیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ملکی ویکسین کی تیاری کے ساتھ ساتھ غیرملکی ویکسین کی درآمدات کا راستہ بھی ہموار ہوگیا ہے حالانکہ اس سے قبل ویکسین کی رقم ادا کرنے کے باجود فراہم  کرنے والے ملکوں  نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کورونا کے ابتدائی ایام میں مسلح افواج کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ فوج پوری توانائی کےساتھ عوام کی خدمت کے لیے میدان میں اترے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا پروٹوکول پر پوری طرح عملدرآمد کریں اور اپنی نیز دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔آپ نے محرم الحرام کی مجالس کو برکت اور رحمت الہی کے حصول کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے ملک کو مجالس کی برکتوں کی ضرورت ہے لیکن مجالس عزا کے انعقاد میں کورونا پروٹوکول پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کیا جانا ضروری ہے۔

ٹیگس