Aug ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • دواسازی کے شعبے میں ایران پاکستان مشترکہ تعاون پر زور

ایران اور پاکستان کے سفارت کاروں، تاجروں اور صنعت کاروں نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کیے جانے پر زور دیا ہے۔

دواسازی کے شعبے میں ایران پاکستان کے درمیان تعاون کے بارے میں ایک  ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں متعین ایرانی کونسلر جنرل حسن نوریان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس شعبے میں تعاون کی بھرپور گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایران اور پاکستان کے درمیان سیاسی اور ثقافتی تعلقات کی سطح انتہائی مناسب ہے لیکن اقتصادی تعلقات و تعاون کے فروغ کے لیے تہران اور اسلام آباد دونوں کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

تہران میں متعین پاکستان کے تجارتی اتاشی مسعود احمد کا کہنا تھا کہ ایران میں توانائی اور ٹرانسپورٹ کے مناسب اخراجات کو دیکھتے ہوئے دواسازی کے میدان میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری  کے لیے حالات پوری طرح سازگار ہیں۔

پاکستان کے وفاق ایوان ہائے تجارت میں پاکستان ایران تجارتی کونسل کے سربراہ نجم الدین حسین جاوا نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ پیداواری یونٹوں کے قیام سے پاکستان و ایران نہ صرف اپنی دواؤوں کی ضروریات پوری کرسکتے ہیں بلکہ دنیا کے دیگر ملکوں کو برآمد بھی کرسکتے ہیں۔

اس ویبینار میں شریک دیگر تاجروں اور سرمایہ کاروں نے بینکاری چینلوں کے فقدان اور  رقم کی منتقلی کے حوالے سے پائی جانے والی مشکلات کو  ایران- پاکستان تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم ترین رکاوٹ قرار دیا۔ 

ٹیگس