Aug ۱۴, ۲۰۲۱ ۰۱:۰۵ Asia/Tehran
  • برطانیہ اور روس کے سفراء فورا معافی مانگيں ، ایرانی اسپیکر کا انتباہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے برطانیہ اور روس کے سفیروں کو خبردار کیا ہے کہ انہيں اپنے غیر سفارتکارانہ اقدام کے لئے فوری طور پر معافی مانگنی چاہیے تاکہ ایران کی جانب سے شدید رد عمل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ٹویٹ کرکے وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برطانیہ اور روس کے سفراء کے غیر سفارتی قدم پر مناسب کارروائی کرے ۔

 انہوں نے کہا ہے کہ سفارتی آداب کے منافی روس اور برطانیہ کے سفراء کے قدم پر وزارت خارجہ کی جانب سے فوری رد عمل ظاہر کیا جانا چاہیے اور دونوں سفراء کو اپنے اس قدم پر باضابطہ طور پر معافی مانگنا چاہیے ورنہ پھر ٹھوس سفارتی قدم اٹھایا جانا ضروری ہو جائے گا ۔

 واضح رہے کہ برطانیہ اور روس کے سفراء نے ایک ملاقات کے دوران دوسری جنگ عظیم میں امریکہ ، برطانیہ اور روس کے سربراہوں کی تہران میں میں لی گئي معروف تصویر کی نقل کی  ہے ۔

یہ تینوں سربراہان مملکت ، ایران کی شاہی حکومت کی اطلاع کے بغیر تہران میں آئے تھے اور ملاقات کے بعد فوٹو کھینچوائے تھے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے روس اور برطانیہ کے سفراء کے اس قدم پر شدید احتجاج کرتے ہوئے انہيں وزارت خارجہ میں طلب کیا ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بھی ایک ٹویٹ کرکے کہا کہ " آج میں نے ایک نا مناسب اور غیر معمولی فوٹو دیکھا ، میں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ یہ دو ہزار اکیس کا اگست ہے ، انیس سو تینتالیس کا نہيں ، ایرانی عوام نے یہ ثابت کیا ہے کہ ان کے مستقبل کا فیصلہ غیر ملکی سفارت خانوں یا غیر ملکی طاقتوں کے ہاتھ میں نہيں ہو سکتا ۔

روس اور برطانیہ کے سفراء نے بیان جاری کرکے اسے غلط فہمی قرار دیا تھا اور کہا کہ ان کا مقصد ، ایرانی قوم کو احساسات کو ٹھیس پہنچانا نہيں تھا بلکہ وہ نازیوں کے مقابلے میں روس اور برطانیہ کے اتحاد کی یاد کے لئے تھا ۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

 

ٹیگس