Aug ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران و عراق میں عزاداری سیدالشہداء

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں آج عاشورائے حسینی منایا جارہا ہے ۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ عراق کے مختلف شہروں کے علاوہ دوسرے ملکوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ عاشورائے حسینی میں شرکت کے لئے کربلائے معلی پہنچے ہیں۔

کربلائے معلی سے آئی آر آئی بی کے نمائندے کے مطابق نواسہ رسول امام حسین اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہما الصلوات و السلام کے روضہ ہائے مبارک اور بین الحرمین کے علاوہ روضہ ہائے مبارک کے اطراف کی سڑکیں بھی سوگواروں، عزاداروں اور ماتمی دستوں سے مملو ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے مختلف شہروں اور قریوں کے علاوہ دیگر ملکوں سے بھی لاکھوں زائرین عشرہ محرم کا آغاز ہوتے ہی کربلائے معلی پہنچنا شروع ہوگئے تھے ۔ دسیوں لاکھ ملکی اور غیر ملکی زائرین نے رات کو روضہ ہای مبارک اور بین الحرمین میں شب عاشور کے مخصوص اعمال اور نوحہ خوانی و سینہ زنی میں بسر کی اور صبح عاشور نماز صبح ادا کرنے کے بعد بین الحرمین میں ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ عزاداران شہدائے کربلا نے نماز ظہرین روضہ ہائے مبارک، بین الحرمین اور اطراف کی شاہراہوں پر جماعت سے ادا کی جس کے بعد عزاداری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔

ہمارے نمائندوں کے مطابق نجف اشرف، کاظمین اور سامرا کے روضہ ہائے مبارک میں بھی شب عاشور سے شروع ہونے والا عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ عاشورائے حسینی کی مناسبت سے، ماتمی دستے برآمد ہوئے ۔ اس سے پہلے عزاداران شہدائے کربلا نے شب بیداری کی پوری رات شب عاشور کے مخصوص اعمال اور عزاداری میں بسر کی۔

مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات و السلام کے روضہ مبارک میں شب عاشور، نماز مغربین کے بعد خطبہ خوانی کی روایتی مجلس منعقد کی گئی ۔ اس سال کورونا کے پھیلاؤ میں شدت کی وجہ سے خطبہ خوانی کی مجلس میں صرف خدام روضہ مبارک نے حصہ لیا۔ اس کے بعد زائرین اور عزاداروں نے کورونا پروٹوکول کی پابندی کےساتھ عزاداری، نوحہ خوانی اور سینہ زنی کا سلسلہ شروع کیا اور پوری رات شب عاشور کے مخصوص اعمال اور عزاداری میں بسر کی ۔ اس سال کورونا وبا کی وجہ سے روضہ مبارک میں ماتمی انجمنوں اور دستوں کی آمد کا پروگرام نہیں رکھا گیا تھا۔

قم میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک میں بھی کورونا پروٹوکول کے ساتھ عزاداروں نے شب عاشور شب بیداری کی اور نماز صبح کے بعد عزاداری کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا۔ایران کے دیگر سبھی شہروں اور قریوں میں بھی اس سال یوم عاشور کے جلوس اور ماتمی دستے طبی ہدایات کی پابندی کے ساتھ نکالے گئے۔

اسی کے ساتھ دنیا کے بہت سے ملکوں میں آج عاشورائے حسینی کورونا پروٹوکول کے ساتھ منانے کی اطلاعات ہیں ۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں کورونا وبا کی وجہ سے طبی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عاشورائے حسینی کے جلوس نکالے گئے۔

ہندوستان کے اکثر شہروں میں کورونا کی وجہ سے محرم کے جلوسوں پر پابندی رہی تاہم بعض شہروں میں حکام کی اجازت سے محدود سطح پر کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ جمعرات کو نو محرم کے جلوس برآمد ہوئے۔ ہندوستان میں عاشورائے حسینی جمعے کو ہے۔

برطانیہ سمیت مختلف مغربی ملکوں میں بھی جمعرات کو عاشورائے حسینی منایا گیا۔ اس مناسبت سے لندن کے مختلف علاقوں میں حسینیوں اور مساجد میں یوم عاشور کی مجالس اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کا اہتمام کیا گیا۔

ٹیگس