جاپانی وزیر خارجہ کی ایرانی اعلی عہدیداروں کے ساتھ ملاقات
جاپان کے وزیرخارجہ نے اپنے دورہ تہران میں اعلی ایرانی عہدیداروں سے اپنی ملاقاتوں میں اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
جاپان کے وزیر خارجہ موتگی توشی متسو دور روزہ سرکاری دورے پر ہفتے کی رات تہران پہنچے ہیں اور اتوار کی صبح انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سےملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں ایران اور جاپان کے تعلقات کے علاوہ اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے اس ملاقات کے بعد ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے کسی دوسرے ملک کے عہدیدار سے یہ میری آخری سرکاری ملاقات ہے اور میں جاپانی وزیر خارجہ سے ملاقات پر خوش ہوں. اس ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی گئی۔
جاپان کے وزیر خارجہ نے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے بھی ملاقات کی ہے۔ جاپانی وزیر خارجہ اور ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کے درمیان ملاقات میں اہم علاقائی معاملات کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعاون بھی زیر بحث آیا۔
پروگرام کے مطابق جاپان کے وزیر خارجہ موتگی توشی متسو تہران میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے نامزد کردہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بھی ملاقات اور تبادلہ خیال کریں گے۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے کہا تھا کہ جاپانی وزیر خارجہ موتگی توشی متسو اپنے ایرانی ہم منصب کی دعوت پر اتوار کو دو روزہ دورے پر تہران پہنچ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اور جاپان کے تعلقات مغربی و مشرقی ایشیا کے دو با اثر ممالک کی حیثیت سے ہمیشہ اہمیت کے حامل رہے ہیں۔ سعید خطیب زادے نے ایران جاپان نوے سالہ سفارتی تعلقات کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہاتھا کہ دونوں ممالک کے درمیان شروع ہی سے دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور جاپان کے درمیان مشترکہ مفادات کی بنیاد پر، کثیر جہتی مسائل میں اعلیٰ سطح پر تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ جاپان کے وزیر خارجہ تہران پہنچنے سے قبل عراق کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ہفتے کے روز وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات اور مختلف معاملات منجملہ اقتصادی مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔