افغانستان کی صورت حال امریکہ کے ناقابل اعتماد ہونے کا ثبوت ہے :ترجمان وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ آج افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ جہاں بھی رہتا ہے صرف اپنے مفادات کی فکر کرتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر کو اپنی ہفتے وار پریس بریفنگ میں ایران پریس کے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ آج کل ہم افغانستان میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ ان لوگوں کے لئے ایک بڑا درس ہے جو اپنی سیکورٹی امریکہ کے حوالے کئے ہوئے ہیں اور وہ اس سے وابستہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ صرف اپنے مفادات کی پرواہ کرتا ہے اور اسے اپنے اتحادیوں کی کوئی پرواہ نہیں، افغانستان میں امریکہ کی موجودگی کا نتیجہ جانی و مالی نقصانات اور غربت و افلاس کے سوا کچھ نہیں نکلا ہے اور آخرکار وہ وحشتناک طریقے سے وہاں سے باہر نکل گیا۔
سعید خطیب زادہ نے مزید کہا کہ ایران نے ہمیشہ علاقے میں امن و سیکورٹی قائم کرنے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی یہ کوشش جاری رکھے گا اور ہمارے پڑوسی اس مقصد کے حصول کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جو لوگ انسانی حقوق کے دعوے دار ہیں وہ افغانستان میں رونما ہونے والے دردناک واقعات و حالات پر کہ جو سب کے لئے باعث تکلیف بنے ہوئے ہیں، خاموشی اختیار ہوئے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ صرف جھوٹ بولتا ہے اور اپنے اقدامات کے لئے کمزور بہانے پیش کرتا ہے اور افغانستان میں جو کچھ ہوا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ کا شیرازہ جلد ہی بکھرنے والا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کو نصیحت کرتے ہیں کہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی اور احترام کرے۔
خطیب زادہ نے صیہونی حکومت کے وزیرجنگ کے حالیہ بیانات کے بارے میں ایران پریس کے نمائندے کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صیہونی حکومت کی پہچان جارحیت اور بدامنی سے ہوتی ہے اور بین الاقوامی نظام میں اس کی تقریبا کوئی جگہ ہی نہیں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کا وجود ہی ناجائز ہے اور اس کے ان دعوؤں کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے اور عالمی نظام میں کوئی بھی ایسا فریق نہیں ہے جو یہ نہ جانتا ہو کہ صیہونی حکومت کا وجود کس طرح سے تشکیل پایا ہے اور وہ کن سازشوں اور عیاریوں سے اپنا وجود باقی رکھے ہوئے ہے اور اس کے یہ بیانات، صیہونی حکام کے بے بنیاد پروپیگنڈے ہیں جن کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔