افغانستان میں ہر قسم کے تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف ہیں: ایران
جنیوا میں اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈ کواٹر میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ تہران افغانستان میں کسی بھی طرح کے تشدد، انتہا پسندی، انسانی حقوق اور ان سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔
اسماعیل بقائی ہامانہ نے افغانستان کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ افغان عوام اپنے وطن میں پرامن اور باوقار زندگی بسر کرنا اور اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ غیر قانونی فوجی مداخلت کے بغیر خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ مقصد ایک ایسی وسیع البنیاد حکومت کے قیام کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے کہ جس میں مختلف افغان گروہ اور اقوام کو شامل کیا گیا ہو۔ ہامانہ نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان کو بدامنی، عدم استحکام اور مختلف قسم کے مسائل سے دوچار کیا ہے اور امریکہ ہی افغانستان کی تباہی و بربادی کا ذمہ دار ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران، افغانستان میں امن و استحکام کی کوششیں انجام دیتا رہا ہے اور تہران نے مختلف افغان گروہوں میں مذاکرات کی ترغیب بھی دلائی ہے اور ایران کی یہ کوششیں مسلسل جاری ہیں۔