Aug ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۳ Asia/Tehran
  • جنرل سلیمانی کی شہادت نے امریکہ کو مزید غیر محفوظ بنا دیا

امریکی حکومت میں ایران گروپ کے سربراہ نے یہ اعتراف کیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد سے امریکہ کی سکیورٹی کی سطح میں کمی آ گئی ہے۔

لبنان کے المیادین ٹی وی نے صیہونی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے رابرٹ میلی نے یہ اعتراف کیا ہے کہ شہید جنرل سلیمانی کے قتل سے نہ صرف امریکہ محفوظ نہیں ہوا، بلکہ اسکی سکیورٹی کی سطح میں کمی آئی ہے۔

رابرٹ میلی کا مزید کہنا تھا کہ جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد دنیا ایران کے سامنے بقول انکے اور زیادہ بے بس ہو گئی ہے۔

رابرٹ میلی۔ امریکی حکومت میں ایران گروپ کے سربراہ

اس سے قبل انہوں نے این بی سی چینل کو دئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں شہید جنرل سلیمانی کے قتل پر مبنی سابق امریکی صدر ٹرمپ کے اقدام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ٹرمپ کی حکومت میں ایسا کیا اتفاق پیش آیا، مگر میں سمجھتا ہوں کہ امریکی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اُن پالیسیوں پر برہم ہوں جن کے بارے میں یہ دعوا کیا جا رہا تھا کہ اُن سے امریکی عوام کو تحفظ ملے گا، وہی پالیسیاں جن کے تحت جنرل سلیمانی کو قتل کیا گیا اور ایران پر حد اکثر دباؤ ڈالا گیا، لیکن اب تین (دو) سال ان اقدامات کو گزر چکے ہیں مگر آج امریکہ پہلے کے مقابلے میں کم محفوظ ہے، کیوں کہ آج ایران کا ایٹمی پروگرام پہلے (جامع ایٹمی معاہدے سے قبل) کی بنسبت زیادہ وسیع تر ہو چکا ہے اور ساتھ ہی اسکی علاقائی سرگرمیاں بھی خوب بڑھ گئی ہیں۔

امریکی حکومت میں ایران گروپ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ شاید جنرل سلیمانی کے قتل پر سبھی امریکی متفق ہوں مگر سوال یہ ہے کہ کیا ان کے قتل سے امریکہ پہلے کی بنسبت زیادہ محفوظ ہوا ہے؟ اور میری نظر میں یہ مسئلہ بالکل واضح ہے کہ اس اقدام سے مشکلات اور بڑھ گئی ہیں اور کشیدگیوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی دہشتگردوں نے اپنے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم سے جنوری ۲۰۲۰ میں عراق کے دارالحکومت بغداد پہنچنے جنرل قاسم سلیمانی کو انکے ساتھیوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔ ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل سلیمانی عراق کی باضابطہ دعوت پر بغداد پہنچے تھے اور وہ بغداد حکومت کے سرکاری مہمان تھے۔

امریکہ کے اس دہشتگردانہ اقدام کے بعد عراق کی پارلیمنٹ نے ملک سے امریکی دہشتگردوں (فوجیوں) کے انخلا کا بل منظور کر دیا تھا۔

ٹیگس