Aug ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • بغداد میں ایران کے وزیر خارجہ کی مختلف عراقی و غیر عراقی حکام کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ نے بغداد میں عراق کے صدر، وزیر اعظم اور علاقے کے مختلف ملکوں کے اعلی حکام سے علیحدہ علیحدہ سے ملاقات اور اہم دوطرفہ اور علاقائی و عالمی مسائل پر بات چیت کی

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جو  علاقائی ملکوں کے بغداد اجلاس  میں شرکت کے لیے بغداد میں ہیں، عراقی صدر برہم صالح سے ملاقات کی۔

اس موقع پر  ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نےعراق کی آزادی،  خودمختاری اور ارضی سالمیت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں فریقین نے علاقے کے حالات، علاقے کے ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون، بغداد اور تہران کے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات میں عراق کے صدر برہم صالح نے بھی عراق کی حمایت میں علاقائی ملکوں کے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے پہلے دورہ عراق کو اہم قرار دیتے ہوئے عراق  کیلئےایران کی حمایت کی  قدر دانی کی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بھی فریقین نے علاقائی تبدیلیوں ، خطے کے ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اربعین حسینی کے موقع ایرانی زائرین کے سفر عراق کے بارے میں گفتگو کی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس اجلاس کے موقع پرعراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے عراق میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کے انعقاد کی حمایت پر زور دیا۔

انہوں نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہو‏ئے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

عراقی اسپیکر الحلبوسی نے بھی اس ملاقات میں امیر عبداللہیان کو ایران کے وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے عراقی پارلیمنٹ کے عزم کا اظہار کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح بغداد اجلاس میں شریک اپنے کویتی ہم منصب احمد ناصر المحمد الصباح سے بھی ملاقات کی۔

اس ملاقات میں حسین امیر عبداللہیان نے ایران اور کویت کے ود طرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان ماضی میں طے پانے والے سمجھوتوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

انھوں نے ایران کی تیرہویں حکومت کی علاقائی پالیسی اور علاقے کے ملکو‍ں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور ایران و کویت کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کو فعال بنانے کے لئے ہر طرح کے اقدام پر تہران کی حمایت کا اعلان کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے بغداد اجلاس کے موقع پر ترکی کے وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات میں بھی دو طرقہ تعلقات،عراق کے حالات اور علاقے کے صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ہفتے کے روز عراق کے لئے پڑسویوں کی حمایت سے متعلق منعقدہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دہشت گردی سے نجات یافتہ نئے عراق کو اس وقت تعمیرنو اور اندرونی طور پر تقویت نیز علاقے میں تعاون کی توسیع کی ضرورت ہے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

ٹیگس