سید علی شاہ گیلانی کی پوری زندگی جدوجہد میں گذری :علی اکبر ولایتی
علی اکبر ولایتی نے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق وزیر خارجہ اور مجمع جہانی بیداری اسلامی کے سیکریٹری ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اپنے ایک پیغام میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حریت کانفرنس کے رہنما اور کشمیر کی سیاسی شخصیت سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی جہاد اور جدوجہد میں گذاری اور 11 سال تک گھر میں نظر بند رہے اور اسی نظر بندی کے دوران ان کا انتقال ہوا۔
علی اکبر ولایتی نے اپنے پیغام میں سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کو بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے اہلخانہ اور چاہنے والوں کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور حدا وند متعال سے ان کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
واضح رہے کہ سید علی شاہ گیلانی کا گھر میں طویل نظر بندی اور بیماری کے باعث 92 سال کی عمر میں بدھ رات ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔ انہیں ان کی رہائش گاہ کے سامنے کی ایک مسجد کے قبرستان میں دفن کیا گیا۔ گیلانی کے انتقال کے بعد وادی کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ۔ ان کے انتقال پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے انٹرنیٹ اور موبائل خدمات کو بھی بند کردیا گیا تھا۔ جمعہ کو جب انٹرنیٹ خدمات بحال کی گئیں تو سوشل میڈیا پرکئی ویڈیو سامنے آئے، جن میں سے ایک میں سید علی شاہ گیلانی کی لاش مبینہ طور پر پاکستانی پرچم میں لپٹی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ ایک دیگر ویڈیو میں گھر میں خواتین کو سید علی شاہ گیلانی کی لاش کو لے جانے کے لئے پولیس کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔