Sep ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • ہماری طاقت کی بدولت آج شیطانی وسوسے ہمیشہ کے لئے دشمن کے ذہن سے نکل چکے ہیں: وزیر دفاع ایران

ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ دشمن ہماری دفاعی اور عسکری ترقی و پیشرفت کو روکنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

ہفتہ دفاع مقدس کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع محمد رضا آشتیانی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر عراق کی بعثی حکومت کے حملے کے اکتالیس برس بعد ، ہم آج تاریخ کے اس موڑ پر کھڑے ہیں جہاں بڑی طاقتوں نے اس سرزمین پر حملے کے شیطانی وسوسوں کو ہمیشہ کے لیے اپنے ذہن سے نکال دیا ہے۔

جنرل آشتیانی نے کہا کہ مسلط کردہ جنگ کے پہلے روز ایران کی بہادر فوج نے فضائیہ کے برق رفتار جہازوں کے ذریعے دشمن پر واضح کر دیا تھا کہ وہ آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب تمام بیرونی طاقتیں ہر ممکن طریقے سے عراقی کی بعثی فوج کی طاقت و توانائی میں اضافہ کرنے میں مصروف تھیں اور انہوں نے ایران کی عسکری توانائیوں کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی تھی۔

ایران کے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ دفاع مقدس کے دوران ایران کی فتح و ظفر کا شاندار باب دنیا کے ان تمام ملکوں کے لیے اہم پیغام کا حامل ہے جو شاید ایران اسلامی کی جانب میلی نگاہوں سے دیکھ رہے تھے، اور وہ پیغام اس حقیقت کا آئینہ دار ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایسی قومی، ملی، اسلامی، دینی، انقلابی اور تاریخی اسٹریٹیجی سے بہرہ مند ہے کہ خالی ہاتھ ہونے کے باوجود اسے شکست نہیں دی جا سکتی۔

جنرل آشتیانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کی دفاعی بنیادیں اندرونی وسائل اور ملکی نوجوانوں کی صلاحتیوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی توانائیوں اور سامان حرب کی تیاری کے میدان میں ایران آج اس مقام پر کھڑا ہے جہاں دشمن تو کیا ہمارے دوستوں کو بھی ایران کے اس مقام پر پہنچنے کی توقع نہیں تھی، اور ہم اس راستے پر پوری قوت کے ساتھ گامزن رہیں گے۔

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ دشمن ہماری دفاعی اور عسکری طاقت میں اضافے اور خاص طور سے میزائل ڈیفنس کے حوالے سے ہماری ترقی کا راستہ روکنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

ٹیگس