Oct ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • جمہوریہ آذربائیجان سے دوستانہ تعلقات رہے ہیں، توقع ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کا غلط استعمال نہ ہونے دے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جمہوریہ آذربائیجان کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دینا چاہئے کہ اس کی سرحدوں کا غلط استعمال ہو سکے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کا عمل ہمیشہ آگے بڑھتا رہا ہے اور ایران نے، آذری برادری کے لئے اپنی کسی بھی قسم کی مدد سے دریغ نہیں کیا ہے۔

سعید خطیب زادہ نے جمہوریہ آذربا‍ئیجان میں صیہونی اور داعشی عناصر کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسی طرح کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں اور ہم نے باکو میں اپنے دوستوں کو باخبر بھی کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مختلف اجلاسوں میں ہمارے دوستوں نے یہی اعلان کیا ہے کہ کسی دوسرے ملک کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور پھر ہم نے اس سلسلے میں خود آذری حکام سے بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ باکو کو چاہئے کہ اپنے حکومتی فرائص پر عمل کرے، خاص طور سے ایسی حالت میں کہ جب دونوں ملکوں کے تعلقات بہتری کی طرف گامزن رہے ہیں۔

سعید خطیب زادہ نے اسی طرح افغانستان کے بارے میں کہا کہ دہشت گردانہ کاروائیوں کے بارے میں ایران کا موقف ہمیشہ مستحکم رہا ہے اور ہم نے ہر قسم کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور یہ کہ افغانستان میں امن و استحکام کی کوششوں کو آگے بڑھائے جانے کی ضرورت پر ہمیشہ زور دیا ہے۔

ٹیگس