ایرانی پہلوان ورلڈ ریسلنگ یونین کے کمیشن میں شامل
ایران کے مایہ ناز پہلوان حسن یزدانی ورلڈ ریسلنگ یونین میں ایتھلیٹس کمیشن کے رکن کے طور پر چُن لئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ورلڈ ریسلنگ یونین کے ایتھلیٹس کمیشن کی رکنیت کے لئے ووٹنگ ہوئی جس میں عالمی مقابلوں میں شریک دنیا کے پہلوانوں نے ایران کے گولڈ میڈلسٹ کشتی پہلوان حسن یزدانی کے حق میں ووٹ دئے اور اس طرح حسن یزدانی چار سال کے لئے مذکورہ کمیشن کے رکن کے طور پر چُن لئے گئے۔
جاپان کی خاتون پہلوان یوئی سوساکی، نائیجیریا کی خاتون کشتی پہلوان بلیسنگ ابورو دودو، آسٹریلیا کی جیسیکا لاوروس میک، آرمینیا کے گریکو رومن کشتی پہلوان آرسن جلفالکیان، ہنگری کے فری اسٹائل کشتی پہلوان تاماس لورینچ اور کوسٹاریکا کے فری اسٹائل کشتی پہلوان لمار لیسی بھی کمیشن کے دیگر رکن کے طور پر منتخب ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ ورلڈ ریسلنگ یونین کے ایتھلیٹس کمیشن کا قیام دوہزار تیرہ میں ایتھلیٹس کے حقوق کے دفاع کے مقصد سےعمل میں لایا گیا تھا۔ اس سے قبل ایران کے دو پہلوان حمید سوریان اور کمیل قاسمی بھی اس کمیشن کے رکن رہ چکے ہیں۔