سانحہ قندوز کے متاثرین کے لئے ایران کی انسان دوستانہ امداد
افغانستان کے صوبہ قندوز کے سانحے کے متاثرین کے لئے انسان دوستانہ امداد لے کر اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک طیارہ افغانستان پہنچا ہے۔
ایران پریس کے مطابق کابل میں ایران کے سفارت خانے نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ قندوز پہنچنے والے ایران کے امدادی سامان میں سانحے قندوز کے زخمیوں اور شہدا کے اہل خانہ کے لئے دوائیں اور طبی وسائل و دیگر ضروریات کی اشیا شامل ہیں۔
افغانستان کے صوبے قندوز کے سید آباد علاقے کی شیعہ جامع مسجد میں گذشتہ جمعے کو ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں ایک سو سے زائد شیعہ مسلمان نمازی شہید اور دو سو سے زائد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
دہشت گرد گروہ داعش نے اس دہشت گردانہ بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔پچاس ٹن اشیا اور ضروری وسائل پر مشتمل ایران کی انسان دوستانہ امداد کی پانچویں کھیپ بھی گذشتہ ہفتے افغانستان پہنچی ہے جس میں غذائی اشیا،کمبل اور دیگر ضروریات کا سامان شامل ہے۔