ایران-سعودی عرب جلد ہی اپنے قونصل خانے کھول دیں گے: بلومبرگ
امریکہ کے بلومبرگ نیوز چینل نے دعوی کیا ہے کہ ایران نے سعودی عرب کو پیشکش کی ہے کہ دونوں ملک دوطرفہ مذاکرات میں حسن نیت کے طور پر اپنے اپنے قونصل خانے ایک دوسرے کے ملک میں دوبارہ کھول لیں۔
بلومبرگ نے بدھ کے روز رپورٹ میں دعوی کیا کہ ایران نے حالیہ مذاکرات میں سعودی عرب کے سامنے یہ تجویز رکھی ہے کہ وہ مشہد میں اور ایران جدہ میں اپنا قونصل خانہ کھول کر مذاکرات میں حسن نیت دکھا سکتے ہیں۔
بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں یہ دعوا ایک نامعلوم باخبر ذریعے کے حوالے سے کیا ہے۔ مذکورہ ذریعہ کا کہنا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں لیکن جب بات خرد مسائل پر پہونچتی ہے تو مذاکرات کی رفتار دھیمی پڑ جاتی ہے۔
پیر کے روز فرانس پریس نے سعودی عرب میں مقیم ایک سفارتکار کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ ایران اور سعودی عرب آپسی کشیدگی کو کم کرنے کے معاہدے کے قریب پہونچ گئے ہیں۔ اس نیوز ایجنسی نے بھی صرف سفارتی ذریعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ ہفتوں میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کی خبر کا اعلان ہو جائے گا۔