تہران اور ریاض کے مابین مختلف شعبوں میں بہت سے مشترکات
ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی، تعاون اور دوطرفہ خوشگوار تعلقات کے فروغ کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے ایکس سوشل نیٹ ورک پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ میں نے اپنے اس دورے میں سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے بین الاقوامی امور کے نائب وزیر عبدالرحمن الرسی کے ساتھ بات چیت کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے، عالمی، علاقائی اور کثیرالجہتی تنظیموں کے علاوہ اہم بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلۂ خیال ہوا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران اور ریاض کے مابین مختلف شعبوں میں بہت سے مشترکات پائے جاتے ہیں اور دونوں ہی باہمی احترام اور خیر سگالی کے ساتھ بات چیت اور اچھی ہمسائیگی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے ذریعے، موجودہ بین الاقوامی میدان میں اپنی اقوام کے مشترکہ مفادات اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دے سکتے ہیں۔
غریب آبادی نے مزید کہا کہ سعودی عہدے دار کے ساتھ ملاقات کے دوران غزہ اور علاقے میں قابض صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت سمیت مختلف مسائل کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے اراکین کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف مسائل پر اس تنظیم کے کردار کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر تاکید کی گئی۔